پی سی بی نے ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنا شروع کردیا

2 Jun, 2020 | 05:13 PM

Arslan Sheikh

( حافظ شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھوٹے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کردیا، مزید ملازمین کی فہرستوں کی تیاری کام جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی انوکھی منطق، ایک طرف بڑی تنخواہوں پر تقرریاں کی جارہی ہیں تو دوسری جانب چھوٹے ملازمین کو بے روزگار کرنا شروع کردیا گیا۔ کورونا وائرس کے دنوں میں پی سی بی نے پانچ چھوٹے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کردیا۔ پانچوں ملازمین کو یکم جون کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کے لیٹر جاری کیے گئے۔

فارغ ہونے والوں میں چار آفس بوائے اور ایک ہیلپر شامل ہے۔ رحمن حسن اور محمد قیصر 2007 سے پی سی بی میں آفس بوائے کے طور پر کام کررہے ہیں۔ دلاور علی 2016، بابر علی اور سہیل مقصود 2017 سے پی سی بی میں ملازم ہیں۔

ملازمین کے ٹرمینشن لیٹرز پی سی بی سینئر جنرل منیجر ایچ آر اور ایڈمنسٹریشن آفیسر لیفٹنٹ کرنل ریٹائرڈ اشفاق احمد نے جاری کیے ہیں۔ ملازمین کو قواعد وضوابط میں تبدیلی کے بعد نوکریوں سے فارغ کیا گیا، ملازمین 30 جون تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

فارغ کیے جانے والے ملازمین کو واجبات اور دیگر امور کی کلیئرنس کے لیے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آنے والے دنوں میں مزید ملازمین کو بھی فارغ کیا جاسکتا ہے جس سے پی سی بی کے چھوٹے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مزیدخبریں