(اکمل سومرو)پنجاب کے سرکاری کالجوں میں آن لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، لاہور سمیت صوبے بھر کے سرکاری کالجوں میں بی ایس آنرز اور سیکنڈ ایئر کی کلاسز آن لائن ہوں گی۔
تفصیل کے مطابق سرکاری کالجوں میں بھی آن لائن کلاسز شروع ہوں گی اس ضمن میں پالیسی دستاویز تیار کر لی گئی ہے۔آن لائن کلاسز کا اجراء کیبل ٹی وی، واٹس ایپ اور موبائل ایپ کے ذریعے کیا جائے گا۔ ڈی پی آئی کالجز پنجاب ڈاکٹر عاشق حسین نے صوبے کے تمام ڈائیریکٹرز کالجز کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ 4 جون کو منعقد ہونے والے اجلاس میں آن لائن کلاسز کے منصوبے کو نافذ کرنے کا لائحہ عمل مرتب ہوگا۔ لاک ڈاون کے باعث پنجاب کے سرکاری کالجوں میں تین مہینےسے کلاسز بند ہیں۔
ڈی پی آئی کالجز پنجاب ڈاکٹر عاشق حسین کا کہنا ہے کہ کالج بند ہونے سے طلباء کا تعلیمی حرج ہو رہا ہے، آن لائن کلاسز کا منصوبہ رواں مہینے ہی نافذ کر دیا جائے گا، ڈاکٹر عاشق حسین کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں کے کالجز اور شہری علاقوں کے کالجز کی آن لائن پالیسی الگ الگ ہوگی، ڈی پی آئی کالجز پنجاب کے مطابق اساتذہ کو آن لائن کلاسز کیلئے پالیسی دیں گے اور آن لائن کلاسز کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر طلباء کے لئےآن لائن کلاسز کا آغاز کیا، یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں 20 اپریل سے آن لائن کلاسز کا آغاز ہوچکا ہے۔اس حوالے سے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس ہوا تھاجس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کی، اجلاس میں مختلف تدریسی امور پر گفتگو کی گئی، اس دوران آن لائن کلاسز شروع کرنے کے بارے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا تھا۔
اجلاس میں یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز کو بھی آن لائن ایجوکیشن کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،ان سب امور کی بہتر انجام دہی کے لیے وائس چانسلر کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔