مقامی سطح پر ماسک کی تیاری، حکومت کے مینوفیکچرز سے رابطے

2 Jun, 2020 | 09:30 AM

Sughra Afzal

مال روڈ( قذافی بٹ) پنجاب حکومت کا لاہور سمیت پنجاب بھر میں ماسک پہننا لازمی قرار دینے پر غور، مقامی سطح پر ماسک کی تیاری کی استعداد بڑھانے کے لئے مینو فیکچرز سے حکومت نے رابطے شروع کردیئے ۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں صنعت کاروں، مینو فیکچرز، اور فارمیسیز کے نمائندوں نے ملاقات کی، ملاقات میں مقامی سطح پر حفاظتی ماسک کی تیاری کی گنجائش، قیمتوں، خام مال کی دستیابی، مشینری کی درآمد اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا-

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ عوام احتیاطی تدابیر اپنا کر خود کو، اپنے بچوں، اپنے گھر والوں، اور دوست احباب کو کرونا سے بچائیں۔

 انہوں نے کہاکہ ایسی صورت میں ماسک کی مناسب نرخوں میں ھرجگہ دستیابی یقینی بنانا ہوگی، حکومت مقامی سطح پر ماسک کی تیاری کی استعداد بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس لاہور سمیت پنجاب بھر میں خطرناک حد تک پھیلنے لگا، لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 727 نئے کورونا کیس سامنے آگئے ہیں جس کے بعد کنفرم مریضوں کی تعداد 12 ہزار 881 ہوگئی، 79 دنوں میں کورونا وائرس سے 199 اموات ہوچکیں جبکہ صوبہ بھر میں کورونا کے ایک ہزار 184  نئے کیسز، مجموعی تعداد 26  ہزار 240 ہوگئی، 22 مزید اموات سے کل تعداد 797 تک جاپہنچی۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے حوالے سے محکمہ صحت نے لاہور کی صورت حال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے چار ہفتوں کیلئے لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن کی سفارش کردی، سمری میں خبردار کیا گیا کہ لاہور میں کورونا مریضوں کی تعداد کا اندازہ 6 لاکھ  70 ہزار ہے اور لاہور کا کوئی بھی علاقہ کورونا سے محفوظ نہیں ہے۔ محکمہ صحت نے تجویز دی ہے کہ لوگوں کو سختی سے گھروں تک محدود کیا جائے اور چار ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے جبکہ 50 سال سے زائد تمام افراد کو گھروں پر قرنطینہ کیا جائے۔

مزیدخبریں