( فخر امام ) نشترکالونی میں زہریلی شراب پینے سے 4 افراد ہلاک ہوگئے، پولیس نے ملزم سابر سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا، لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
نشتر کالونی میں زہریلی شراب پینے سے 4 افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں گل زمان، راشد، مظہر اور نقاش شامل ہیں جن کی عمریں 28 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس نے لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی ہیں، ایک ہی علاقے کے نوجوانوں کی ہلاکتوں کے بعد فضا سوگوار ہوگئی۔
زہریلی شراب سے ہلاک ہونے والے 29 سالہ نوجوان گل زمان کے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔ اس کے والد کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز دوپہر کے وقت گل زمان کی طبیعت خراب ہوئی جس پر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ اہل علاقہ نے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے نامزد ملزم صابر سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔