بسیم افتخار : بجٹ کے بعد مہنگائی کا سونامی، اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا۔
مہنگائی کی چکی میں پسنےوالی عوام کی دسترس سے دالیں بھی باہر ہوگئیں، ملک کے سب سے بڑے ہول سیل جوڑیا بازار میں دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ۔ کراچی میں چنے کی دال کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 69 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا، دال چنا درجہ اول 231 روپے سے بڑھ کر 295 روپے ہوگئی ۔ دال چنا درجہ دوئم 216 روپے سے بڑھ کر 285روپے ہوگئی ۔ دال مونگ درجہ اول کی قیمت 60 روپے کلو اضافہ سے 330 روپے ، جبکہ دال مونگ درجہ دوئم ،260 روپے سے بڑھ کر 300 روپے ہوگئی ۔ اس کے علاوہ دال ماش کی قیمت میں 10 روپے اضافہ، کالا چنا کی قیمت میں 38 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا، جس کےبعد دال ماش فی کلو 520،کابلی چنا 362 جبکہ کالا چنا 255 روپے کلو ہوگیا ۔
بیسن کی قیمت میں 30 روپے اضافے کے بعد 280 روپے فی کلو مقرر ہوگئی۔