(اویس کیانی) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، سکیورٹی فورسز نے تیراہ اور لکی مروت میں دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، قوم کو سیکورٹی فورسز پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ اور پرامن پاکستان کی جدوجہد میں سکیورٹی فورسز کے تاریخ ساز کردار کی پوری دنیا معترف ہے، دہشتگردوں کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، پاک وطن سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
محسن نقوی نے ضلع خیبر کی پولیس چوکی تختہ بیگ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی بہادری کو بھی خراج تحسین کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز کی لازوال قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کے جری افسروں و جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کی قربانیوں کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی، اتحاد اور اتفاق سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔