محکمہ موسمیات کی گرج چمک کیساتھ مزید بارش کی پیش گوئی

2 Jul, 2024 | 09:53 AM

(اقصیٰ سجاد) شہر لاہور میں بارش کے بعد حبس کی کیفیت  میں اضافہ جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں ہفتے مزید بارش کی پیش گوئی  کی گئی  ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ  41ڈگری محسوس کیا جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور 8ویں نمبرپرآگیا ہے جبکہ شہر میں آلودگی کی شرح میں کمی سے ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 79ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ذکی فارم 157، ٹھوکر نیاز بیگ میں آلودگی کی شرح 134 ریکارڈ، سید مراتب علی روڈ 112 اور امریکی قونصلیٹ میں شرح 112ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی میں موسم مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ  سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 31.5 ڈگری سینٹی گریڈ  اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان  ہے جبکہ گرمی کی شدت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔ جنوب مغربی سمت سے 22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔

شہر قائد کا فضائی معیار بہتر  ہونے سے دنیاکے آلودہ ترین شہروں میں کراچی گیارویں نمبر پر  آگیا ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 96 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی جارہی ہے۔

تھرپارکر کی تحصیل ننگرپارکر کے مختلف علاقوں میں رات دیر گئے شروع ہونے والی بارش وقفہ وقفہ سے جاری ہے، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی نوید سنا دی۔ننگرپارکر کے علاقوں میں اب تک 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،بادل برسنے کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر کی ننگرپارکر تحصیل میں بارشی سسٹم موجود ہے، تھرپارکر کے مختلف علاقے ابر آلود ہیں۔

دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی حالیہ بارشیں جہاں گرمی کی شدت میں کمی کا باعث بنی ہیں وہیں نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے لئے پی ڈی ایم اے بھی الرٹ ہے۔ 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق  پنجاب کے بیشتر ڈیژن میں طوفان کے ساتھ شدید بارشوں کے امکانات ہیں، بالائی اور وسطی پنجاب 2 سے 7 جولائی مون سون طوفانوں کی زد میں رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ ریسکیو ادارے جولائی کے پہلے ہفتے میں مستعد رہیں، احتیاطی تدابیر اور بارشوں کے دوران فرائض میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔

پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی، جھکڑ چلنے کے امکانات ہیں، تیز بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں، طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، عوام الناس سرکاری ہدایات پر عمل کر کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں