(شاہد ندیم سپرا)حکومت نے امن و امان کے قیام کے لئے تمام مذاہب کے مقدسات کا احترام کرنے کی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی کہتے ہیں کہ بین المذاہب کونسلز بنا کر امن کا پیغام عام کیا جائیگا۔
تفصیل کے مطابق معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی نے کیتھڈرل چرچ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے اسلامک فوبیا کو عالمی سطح پر دہشت گرد قرار دیا ہے، آج کے بعد تمام مذاہب یہ آواز دیں گے کہ ہم ایک ہیں، انہوں نے کہا کہ فساد کی جڑ کسی مذہب کے مقدسات کی توہین ہے، جس کی روک تھام۔کے لئے بین المذاہب کونسلز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسالک کے قائدین بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں گے، توہین مذہب اور توہین ناموس رسالت کے قانون کی بجائے اس کے استعمال پر اعتراض ہے، حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے پاکستان میں کوئی مذہب کی بنیاد پر قتل نہیں ہوا،پاکستان کا آئین مسلم و غیر مسلم کے حقوق کا محافظ ہے، پورے ملک میں مہم چلانے جا رہے کہ کسی کے مذہب کی توہین نہ ہو، سوشل میڈیا استعمال کرنے والے احتیاط کیساتھ مواد اپ لوڈ کیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن کمیٹیوں کو فعال بنا رہے ہیں، کوئی عالم اور ذاکر شرپسند پھیلائے گا تو قانون حرکت میں آئے گا، حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی سر زمین کو کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔