صارفین کیلئے اچھی خبر، ٹک ٹاک پر عائد پابندی ختم

2 Jul, 2021 | 03:08 PM

Arslan Sheikh

مانیٹرنگ ڈیسک: سندھ ہائیکورٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے سوشل میڈیاایپلی کیشن ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی درخواست پر سماعت کی، جس میں پی ٹی اے کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پی ٹی اے نے 30جون کو ٹک ٹاک کو ملک بھر میں بند کر دیا تھا۔ دورانِ سماعت عدالت نے پی ٹی اے کے وکیل کو کہا کہ پی ٹی اے شکایت کنندہ کی درخواست پر 5 جولائی تک فیصلہ کرے، اس پر پی ٹی اے حکام نے عدالت کو مقررہ تاریخ پر فیصلہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔


عدالت نے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک سے متعلق درخواستیں جلد نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے ایپلی کیشن پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا اور مزید سماعت بھی 5 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہےکہ سندھ ہائیکورٹ نے 28 جون کو ٹک ٹاک معطل کرنے کا حکم دیا تھا اور  پی ٹی اے نے عدالت سے حکم امتناعی واپس لینے کی استدعا کی تھی۔ قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ نے بھی ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی تھی تاہم عدالت کے دوسرے بینچ نے اس پابندی کو کالعدم قرار دیا تھا۔

مزیدخبریں