( زاہد چوہدری ) عوام ہوشیار رہیں، شہر کے سیوریج میں بھی کورونا وائرس پائے جانے کا انکشاف ہواہے، انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز نے میو ہسپتال، ڈاکٹرز ہسپتال اور فاروق ہسپتال ٹھوکر نیاز بیگ کے سیوریج کے 10 نمونے لئے۔ 5 میں کورونا وائرس پایا گیا۔
صحت کے دونوں محکموں کی ہدایت پر آئی پی ایچ اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی تحقیق میں تینوں ہسپتالوں سے 10 نمونے حاصل کئے گئے۔ ان میں سے 5 میں لیبارٹری تجزیہ کرنے پر کورونا وائرس موجود ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ تحقیق کے دوران مریضوں کے پیشاب اور پاخانے کے نمونے بھی ٹیسٹ کئے گئے تو ان میں بھی کورونا وائرس پایا گیا۔
تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ سیوریج میں کورونا وائرس کی مدد سے کورونا وبا سے متاثرہ علاقوں کو لاک ڈاؤن کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال سیوریج میں موجود وائرس سے کورونا لاحق ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تھم نہ سکا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 91 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 395 ہو گئی، ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 133 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 470 ہو گئی۔
لاہور میں کورونا کیسز بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1085 نئے کیسز سامنے آئے اور 4 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ وبا کے دوران لاہور میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 690 اور 40535 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج کمی آرہی ہے۔
ہسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز میں 370 مریض زیر علاج ہیں۔ 170 مریض آئی سی یو اور 91 وینٹیلیٹر پر ہیں۔ پنجاب بھر میں چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 1478 نئے کیس اور 22 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبے میں کورونا سے مجموعی طور پر 1784 اموات ہوچکی ہیں اور کیسز کی تعداد77,740 ہوگئی ہے۔