ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

حکومت اتحادیوں سے بگڑتے تعلقات پر فکر مند

حکومت اتحادیوں سے بگڑتے تعلقات پر فکر مند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( قذافی بٹ ) اتحادیوں سے بگڑتے تعلقات، پنجاب اسمبلی میں عددی برتری برقرار رکھنے کیلئے حکومت نے پلان بی بنالیا۔

تفصیلات کے مطابق اتحادیوں سے بنتے بگڑتے تعلقات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے بھی پلان بی بنا لیا ہے۔ اسمبلی میں عددی برتری برقرار رکھنے کیلئے حکومت نے اپوزیشن اراکین پر نظر رکھ لی۔ ن لیگ کے 6 اور پیپلزپارٹی کے ایک رکن کی وزیراعلی سے تیسری ملاقات ہوئی۔

ن لیگ کے میاں جلیل احمد شرقپوری، چودھری اشرف علی انصاری، مولانا غیاث الدین، اظہر عباس، فیصل خان نیازی، نشاط احمد ڈاھا نے ملاقات کی جبکہ پیپلز پارٹی کے غضنفر علی لنگا کی بھی وزیراعلیٰ سے تیسری ملاقات تھی۔ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کو مسلم لیگ ق اور آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل ہے۔ تعلقات کی خرابی کے بعد اگر اتحادی ناراض ہوتے ہیں تو پی ٹی آئی کیلئے اسمبلی میں عددی برتری برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔

عددی برتری کو برقرار رکھنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے ناراض اراکین کیساتھ روابط بڑھائے جارہے ہیں۔ ن لیگ کے مذکورہ اراکین بھی تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ سے ملے ہیں۔ واضح رہے کہ ن لیگ کی قیادت نے اپنے اراکین کو بغیر اجازت ملاقات سے منع کررکھا ہے، پہلے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات پر ن لیگ کی قیادت اپنے اراکین کو شوکاز نوٹس دے چکی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے اتحادی جماعت ق لیگ سے بھی تعلقات خراب ہوتے نظر آرہے ہیں۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر فواد چودھری اور سپیکر پنجاب اسمبلی کے صاحبزادےمونس الہیٰ کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، جس پر بعد میں فواد چودھری نے اپنا بیان واپس لے لیا تھا اور ٹویٹ بھی ہٹادیا تھا۔