جوہر ٹاؤن (زاہد چودھری) کورونا فیلڈ ہسپتال ایکسپو سنٹر سفید ہاتھی بن گیا، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے کوروناٹیسٹ کی قیمت 6500روپے مقررکردی۔
ایک ہزار بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال کا یومیہ کرایہ 39 لاکھ جبکہ خرچہ 5لاکھ ہے لیکن اس میں صرف 8 مریض زیر علاج ہیں، 90 کروڑ سے بننے والے فیلڈ ہسپتال میں طبی اور بنیادی سہولتوں کے فقدان کے باعث مریضوں کا عدم اعتماد بڑھنے لگا۔
گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران ایکسپو سنٹر ہسپتال میں مریضوں کی تعداد 100 سے بھی کم ہی رہی ہے، ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں نے بھی یہاں علاج کرانے سے توبہ کرالی۔
دوسری جانب پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے پرائیویٹ لیبارٹریز کیلئے کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت کا تعین کر دیا، اس حوالے سے صوبے بھر کی پرائیویٹ لیبارٹریز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے کہ کورونا کے پی سی آر ٹیسٹ کی زیادہ سے زیادہ قیمت 6500 روپے وصول کی جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر لیبارٹری کو سربمہر کر کے کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس تھمنے کا نام نہیں لے رہا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 91 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 395 ہو گئی، ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 133 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 470 ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 76 ہزار 262 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں اب تک ایک ہزار 762 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، لاہورمیں کورونا کے ایک ہزار 85نئے مریض سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد شہر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 40 ہزار535ہو گئی۔