ریلوے خسارہ کم کرنے کیلئے 24 ٹرینوں کی نجکاری کا فیصلہ

2 Jul, 2020 | 01:00 PM

Sughra Afzal

ایمپریس روڈ (سعید احمد) ریلوے حکام نے خسارے کو کم کرنے کے لیے 25 ٹرینوں کی نجکاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر چیف مارکیٹنگ منیجر ریلوے کی جانب سے ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ٹینڈر تیار، آؤٹ سورس کی جانے والی ٹرینوں میں 6 میل اور 18 پسنجر ٹرینیں شامل ہیں، پرائیویٹ کی جانے والی ٹرینوں میں سرسید ایکسپریس، ہزارہ ایکسپریس، اٹک پسنجر، مہر ایکسپریس، گجرانوالہ پسنجر، چناب ایکسپریس، لالہ موسیٰ ایکسپریس، فیض احمد فیض ایکسپریس شامل ہیں، خواہش مند افراد 21جولائی تک ٹینڈر جمع کروا سکیں گے جبکہ ٹیکنیکل بڈز21 جولائی کو ریلوے ہیڈکوارٹر میں اوپن کی جائیں گی۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹرینوں کو پرائیوٹ کرنے کا فیصلہ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے کیا گیا۔

علاوہ ازیں ریلوے نے ڈیزل نرخوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا، کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث عوام کی قوت خرید میں کمی سمیت ریل مسافر اور ریلوے آمدنی بھی کم ہوگئی، ریلوے کی دس روز کی مسافر آمدنی 80 کروڑ سے کم ہو کر 32 کروڑ پر آگئی۔

مسافر ٹرینوں کے موجودہ کرائے 132 روپے لٹر ڈیزل کی بنیاد پر بنائے گئے، ڈیزل نرخ 75 روپے لٹر ہونے پر ریلوے نے مسافر ٹرینوں کے کرائے میں کوئی کمی نہیں کی، اب 101 روپے لٹر ڈیزل ہونے پر کرائے بڑھانے کا کوئی جواز نہیں، ریلوے نے ماہ مئی کے دوران فریٹ کرایوں میں 25 فیصد تک کمی کی تھی جو اب واپس لئے جانے کا امکان ہے۔

واضح  رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کردیں، جس کا اطلاق 26 جون 2020ءسے ہوگیا، پٹرول کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کیا ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 101 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں