پاکستان میں کورونا تھم نہ سکا، مزید 91 ہلاکتیں، کیسز 2 لاکھ سے بڑھ گئے

2 Jul, 2020 | 12:21 PM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تھم نہ سکا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 91 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 395 ہو گئی، ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 133 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 470 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 76 ہزار 262 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، سندھ میں 84 ہزار 640، خیبرپختونخوا میں 26 ہزار 598، بلوچستان میں 10 ہزار 476، اسلام آباد میں 12 ہزار 912، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 93 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 489 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں ایک ہزار 762 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں ایک ہزار 377، خیبر پختونخوا میں 951، اسلام آباد میں 128، گلگت بلتستان میں 26، بلوچستان میں 121 اور آزاد کشمیر میں 30 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 5 لاکھ 90 ہزار 953 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 14 ہزار 21 ہو گئیں، کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 42 لاکھ 78 ہزار 662 مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 57 ہزار 840 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 57 لاکھ 98 ہزار 270 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکہ تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک 1 لاکھ 30 ہزار 122 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم نے ایک بار پھر عالمی دنیا کو انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بھی زیادہ تر لوگوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ یہ وائرس ابھی تک پھیل رہا ہے، کورونا کی وبا جلد ختم ہونے کے امکانات کم ہیں ۔

مزیدخبریں