مسلم لیگ (ن) کا مہنگائی کیخلاف احتجاج، بھوک ہڑتالی کیمپ لگنا شروع

2 Jul, 2020 | 09:40 AM

Sughra Afzal

نصیر آباد (عمرا سلم)مسلم لیگ (ن) کا مہنگائی، بے روزگاری کیخلاف احتجاج،شہرکے14 مختلف مقامات پر بھوک ہڑتالی کیمپ لگنا شروع ہوگئے، شائستہ پرویز ملک ،  خواجہ عمران نذیر ،رمضان صدیق بھٹی  نے حکومت سے پٹرولیم نرخ واپس لینے اور سرکاری ملازمین  کی تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔

گزشتہ روز جنرل سیکرٹری مسلم لیگ(ن) لاہور عمران نذیر نے نصیر آباد آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بطور ٹوکن احتجاج کر رہے ہیں حکومت ناکام ہوچکی، حکومت نے پٹرول مافیا کو 300 ارب کا ریلیف دیا، پٹرول سستا ہوا تو نایاب ہوگیا اور جہانگیرترین پر اب تحریک انصاف خاموش ہے، ہمارے دورمیں اورنج لائن چلتی تھی ان کے دور میں آٹا لائن، چینی لائن اور پٹرول لائن چل رہی ہے۔

 خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف مسلم لیگ (ن) عوام کی آواز بن رہی ہے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق ٹاؤن شپ میں شائستہ پرویزملک، رمضان صدیق بھٹی، میاں محمد سلیم، شالامار چوک میں علی پرویزملک، خواجہ عمران نذیر، چودھری شہباز احمد، جوڑے پل پر خواجہ سلمان رفیق، جی ٹی روڈ شاہ زولیبارٹری کے باہر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، بادامی باغ میں غزالی سلیم بٹ، ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں سیف الملوک کھوکھر، مزنگ اڈا پر وحیدعالم خان، سمن آباد موڑ پر مہر اشتیاق احمد اور رانا مشہود احمد سمیت، شاہدرہ میں ایم این اے ملک ریاض اور ایم پی اے سمیع اللہ خان، ایم پی اے خواجہ عمران نذیر، چودھری شہباز احمد شالیمار چوک جبکہ ایم این اے الحاج روحیل اصغر اور ایم پی اے باؤ اختر علی ملک غلام حبیب اعوان داروغہ والا چوک پر بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے حلقہ  کے ارکان اسمبلی ملک وحید مغلپورہ جبکہ جوڑے پل پر سابق صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے، بینک سٹاپ فیروز پور روڈ پر ایم این اے رانا مبشر اقبال، اچھرہ میں خواجہ احمد حسان، حافظ میاں نعمان، سید توصیف شاہ، والٹن روڈ پر مسلم لیگ (ن ) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے حلقہ کے ارکان صوبائی اسمبلی میاں نصیراحمد، یاسین سوہل، رائیونڈ میں ایم این اے ملک افضل کھوکھر، ایم پی اے مرزاجاوید، کرنل( ر) طارق اورمزنگ میں این اے وحیدعالم خان، میاں مرغوب احمد اور بلال یاسین کو بھوک ہڑتالی احتجاجی کیمپ لگانیکی ہدایت کی گئی ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا  کہ حکومت تیل کی قیمتوں میں کیا جانے والا ظالمانہ اضافہ واپس لے۔

یاد  رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کردیں، جس کا اطلاق 26 جون 2020ءسے ہوگیا، پٹرول کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کیا ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 101 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

 

مزیدخبریں