( شہباز علی ) بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بےتحاشا ٹیکس، کھیلوں کےسامان کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، کھلاڑی ،والدین اور کھیلوں کا سامان فروخت کرنیوالے سب پریشان ہوگئے۔
بجٹ میں لگنے والے نئے ٹیکسوں کے بعد کرکٹ بیٹ کی قیمت میں 200 روپے سے 5 ہزار روپے، گیند کی قیمت میں ایک سو روپے سے 5 سو روپے تک، پیڈز، گلوز اور دیگر سامان کی قیمت میں تین سو چار روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے۔ ہاکی سٹک کی قیمت پانچ سو سے ایک ہزار روپے تک، ٹینس، سکواش اور بیڈمنٹن ریکٹ کی قیمت میں 2 سو سے ایک ہزار روپے تک اضافہ ہوا ہے جبکہ فٹبال 50 روپے سے چار سو روپے تک مہنگا ہوا ہے۔
نوجوان کھلاڑی کہتے ہیں کہ کھیلوں کے سامان کی قیمت میں اضافے سے ان کیلئے سامان خریدنا مشکل ہوگیا ہے جبکہ فروخت کرنیوالے دکاندار بھی پریشان ہیں، کہتے ہیں مہنگائی نے کاروبار متاثر کردیا ہے۔
کھلاڑیوں اور دکانداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ کھیل کے میدان آباد رکھنے کیلئے حکومت کو کھیلوں کے سامان پر ٹیکسوں میں کمی کرنا ہوگی۔