ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ سکولوں میں بسوں کو لازمی قرار دینے کے متعلق ترمیم شدہ رولز پیش کرنے کا حکم دے دیا ،عدالت نے شہر میں سڑکوں کی ری الائنمنٹ اقدامات کے متعلق رپورٹ بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کی گزشتہ سماعت بارے دو صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا ،عدالت نے پرائیویٹ سکولوں کو طلبا کیلئے بسوں کا انتظام کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے،تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ جو سکول عمل نہیں کرے گا اس کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے ، تحریری فیصلہ کے متن کے مطابق پنجاب حکومت کے لاء افسر نے بتایا کہ وزیراعلی کو پرائیویٹ سکولز رولَز میں ترمیم کی سمری بھجوا دی گئی ہے ، سرکاری وکیل کے مطابق رولز میں ترمیم کر کے سکول بس لازمی قرار دی جائے گی ،عدالت نے آئندہ سماعت پر ترمیم شدہ رولز پیش کرنے کی ہدایت کر دی ،فیصلہ کے مطابق ایل ڈی اے اور ٹیپا نے شاہراہوں کی ری ماڈلنگ کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے ، اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام جیسی صورتحال ہوتی ہے ، عدالت نے شہر کی سڑکوں کی ری الائمنٹ اقدامات کی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے،سموگ تدارک کے متعلق کیس کی مزید سماعت 17 جنوری کو ہوگی۔