حسن علی:نشتر میڈیکل ہسپتال کے ڈائیلسز یونٹ سے ایچ آئی وی وائرس کے پھیلنے کا معاملہ،نشتر میڈیل یونیورسٹی کی وائس چانسلر گورنر پنجاب کے سامنے پیش ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے گورنر پنجاب خان کے سامنے اپنا موقف میں کہا کہ این ایم یو ایکٹ کے تحت انتظامی امور دیکھنا میری ذمہ داری نہیں۔ ایم ایس ہسپتال کے تمام انتظامی اور اندرونی معاملات کا ذمہ دار ہے،بطور وائس چانسلر یونیورسٹی ہسپتال کے انتظامی امور کی ذمہ دار نہیں ہوں۔ ذرائع کے مطابق وی سی نے محکمہ ہیلتھ کی کاروائی کو رولز اور قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
ڈاکٹر مہناز نے موقف اختیار کیا کہ ڈائیلسز یونٹ کے سیمپل نجی لیبارٹری کو بھیجے گئے،نتائج کا انتظار کیے بغیر کارروائی کا آغاز کردیا گیا،انکوائری رپوٹ کے درمیان میں ہی کالج پرنسپل کو بری الزمہ قرار دے دیا گیا۔رپورٹ مکمل ہونے سے قبل ہی کارروائی انصاف کی خلاف ورزی ہے۔
گورنر پنجاب نے وی سی این ایم یو ڈاکٹر مہناز خاکوانی کیخلاف ایکشن سے انکار کر دیا ۔سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر کا عہدہ تدریس کا ہے ناکہ طبی امور کے انتظامات کا لہذا قانون اور قواعد و ضوابط کے تحت ہی فیصلہ ہوگا۔