عابد چوہدری: سیف سٹی نے پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر تجرباتی بنیادوں پر ورچوئل بلڈ بنک کی سہولت متعارف کرا دی، اب شہری 15 پر کال کر کے 4 دبا کر بآسانی سیف سٹی ایمرجنسی بلڈ بنک سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
سیف سٹی آفیسر بلڈ بنک ڈیٹا بیس سے ڈونر کا رابطہ کانفرنس کال کے ذریعے کالر سے کرائے گا تاکہ خون کے عطیے کی درخواست مکمل کی جا سکے۔بلڈ ڈونر ایجنسیز، این جی اوز، کالجز اور یونیورسٹیز کے بلڈ بنکس کو سیف سٹی بلڈ بنک ڈیٹا بیس سے لنک کیا گیا ہے تاکہ خون کے عطیے کا عمل مزید آسان بنایا جا سکے۔
شہری 15 پر کال یا ویب سائٹ کے ذریعے خود کو بطور بلڈ ڈونر رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ شہری سرکاری ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاؤنٹرز پر خون کے حصول یا عطیہ کرنے کی درخواست بھی دے سکتے ہیں۔
سیف سٹی بلڈ بنک میں پنجاب پولیس کے 10 ہزار سے زائد جوان خود کو بطور ڈونر رجسٹر کروا چکے ہیں اور اس اقدام کا آغاز پولیس افسران و جوانوں کی جانب سے کیا گیا ہے۔
ترجمان سیف سٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دوسروں کی زندگی بچانے اور تندرست رہنے کے لیے خون کا عطیہ دیں۔