ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے باؤنس چیک کیس میں مدعی کی اپیل خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ ایک الزام میں ملزم کیخلاف صرف ایک فورم پر ہی کیس چل سکتا ہے، مقدمہ کے اخراج کے بعد بھی تحقیقات ہوسکتی ہیں.
جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس سلطان تنویر احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مدعی مقدمہ کسور حسین کی مقدمہ کے اخراج کے خلاف اپیل خارج کرنے کا تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ،تحریری فیصلہ کے متن کے مطابق ایک الزام میں ملزم کیخلاف صرف ایک فورم پر ہی کیس چل سکتا ہے،اپیل کنندہ نے مجسٹریٹ کے روبرو استغاثہ دائر کر رکھا ہے، پرائیویٹ استغاثہ کو ریاستی کیس پر ترجیح دی جاتی ہے ،فیصلہ کے مطابق پولیس کے ملزم کو کیس سے ڈسچارج کرنے بعد بھی تحقیقات ہوسکتی ہیں، استغاثہ کی موجودگی میں دفعہ 182 کے تحت قذف کی کارروائی نہیں کی جاسکتی فیصلہ کے متن کے مطابق سنگل بنچ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست خارج کی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے تفتیشی افسر کی رپورٹ پر قانونی تقاضے کے مطابق ملزم کو ڈسچارج کیا۔