چوہنگ میں تین افراد کا قتل، تین ملزموں نے جرم کا اعتراف کر لیا

2 Jan, 2024 | 07:27 PM

This browser does not support the video element.

اسرار خان:  چوہنگ میں ساس سسر اور نند کو قتل کر کے گھر کو آگ لگا دینے والی خاتون، اس کی بیٹی اور ساتھی نے قتل کا اعتراف کر لیا۔
ایس پی صدر کے دفتر میں ایس پی سدرہ خان نے صحافیوں کو  بتایا کہ تہرے قتل میں ملوث تینوں ملزمان ارسلان، فرح اور اسکی بیٹی علینہ کو واردت کے بعد بروقت گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ملزمان نے دوران تفتیش تہرے قتل کی واردات کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وقوعہ کی رات لیڈی ہیلتھ ورکر ثمینہ، اسکے شوہر افتخار اور بیٹی ارم شہزادی کو نشہ آور مشروب پلایا ۔ تینوں مقتول بے ہوش ہو گئے تو ملزموں نے گلا گھونٹ کر تینوں افراد کو قتل کر دیا اور واقعہ کو آتشزدگی کا رنگ دینے کیلئے گھر کو آگ لگا دی ۔ ایس پی سدرہ خان نے کہا کہ  پولیس کی بروقت کارروائی اور صحیح سمت میں تحقیقات نے ملزموں کو جلد بے نقاب کر دیا ۔ ایس پی صدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ سے ڈویژن بھر میں جرائم کی شرح میں بتدریج کمی آ رہی ہے ۔

قتل کا ثبوت سی سی ٹی وی نے فراہم کیا

چوہنگ میں تین افراد کے قتل کے ملزم فوری طور پر اس لئے پکڑے گئے کہ  پولیس کو وہ سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کر دی گئی تھی جس میں دو  خواتین اور ایک مرد کو ہاتھوں میں سامان سے بھرے بیگ اٹھائے رات ڈایڑھ بجے کے قریب گھر سے نکلتے صاف دیکھا جا سکتا تھا۔ ملزمہ فرح مدعی کی بیوی ہے اور اس کی پہلے شوہر سے بیٹی علینہ اس کے ساتھ واردات میں شریک تھی۔ مدعی کی نشاندہی پر پولیس نے فرح اور علینہ کو اسی روز گرفتار کر لیا تھا اور ان کی نشاندہی پر ملزم ارسلان کو بھی واردات کی دوسری رات گرفتار کر لیا تھا۔ مقتولین میں لیڈی ہیلتھ ورکر ثمینہ، اس کی بیٹی ارم اور شوہر افتخار شامل ہیں۔


 
 
 

مزیدخبریں