عابد چودھری: ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ٹریفک وارڈن نے رکشہ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا دیا،سی ٹی او نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو انکوائری کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب رانگ پارکنگ کرنے پر وارڈن اور رکشہ ڈرائیور میں جھگڑا ہوا، جہاں جھگڑے کے دوران ٹریفک وارڈن نے رکشہ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، ٹریفک وارڈن کے رکشہ ڈرائیور پر تشدد کی ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ موقع پر موجود شہری بھی ٹریفک وارڈن کو روکتے رہے مگر وارڈن نے ایک نا سنی، متاثرہ ڈرائیور کے روکنے پر بھی ٹریفک وارڈن اسے تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔
ویڈیو منظر عام آنے پر سی ٹی او منتظر مہدی نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ٹریفک صدر کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ سی ٹی او کا کہنا تھا کہ انکوائری مکمل ہونے پر وارڈن کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔