(اکمل سومرو) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں سے اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگیوں کا ریکارڈ طلب، گیارہ جنوری تک ادا شدہ تنخواہوں کی رسیدیں جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر سکولوں میں تعینات اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔پیف سے فنڈز حاصل کرنے والے سکولوں کو اپنے اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگیوں کی رسیدیں مانگی گئی ہیں۔ پارٹنر سکولوں کو گیارہ جنوری تک اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی۔
پیف حکام کا کہنا ہے کہ اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگیوں کا ریکارڈ مقررہ وقت میں جمع نہ کرانے پر کارروائی ہوگی۔ پیف حکام نے پارٹنر سکولوں سے معاہدہ کرایہ داری کی توثیق شدہ کاپی بھی طلب کر لی ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے 60 ایجوکیٹرز کی مستقلی کے آرڈرز روک لئے جس پر پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے نامکمل دستاویزات کو جواز بنا کر 60 ایجوکیٹرز کی مستقلی کے آرڈرز روک لئے ہیں۔ ایجوکیٹرز کو دستاویزات مکمل کرنے اور اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی کے اقدام پر پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، ایسوسی ایشن کے مطابق غیر ضروری اعتراضات لگا کر مستقلی روکنا مناسب نہیں۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ڈی ای او سیکنڈری کے آفس نے جان بوجھ کر ریگولیرائزشن کے کیسز پر بلاجواز اعتراضات لگائے۔