(ویب ڈیسک) اداکارہ صنم جنگ نے اپنے شوہر سے علیحدگی کی خبروں کی تردید کردی۔
سٹی نیوز نیٹ ورک سے خصوصی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی گھٹیا ترین خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔ الحمدللہ ہماری ازدواجی زندگی خوشگوار طریقے سے جاری ہے انشااللہ ہمیشہ جاری رہے گی۔ جھوٹی اور من گھڑت خبریں اڑانے والوں کو ہوش سے کام لینا چاہیے۔ سوشل میڈیا پر سیلیبرٹیز کے بارے میں اکثر غلط بے بنیاد خبریں گردش کرتی ہیں۔
صنم جنگ کی طلاق کی خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں،جب انہوں نے یکم جنوری 2021 کو انسٹاگرام پر اپنی تنہا تصویر شیئر کی. اداکارہ نے کافی پینے کی اپنی تنہا تصویر انسٹاگرام ویب سائٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ صوفے پر بیٹھ کر کافی پیتے ہوئے 2020 کو الوداع اور 2021 کو خوش آمدید کر رہی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے دعا کی کہ نیا سال سب کے لیے بہتر اور خوشیوں بھرا ثابت ہو۔ تاہم اداکارہ کی جانب سے تنہا تصویر شیئر کیے جانے پر جلد ہی مداحوں نے سوالات کرنا شروع کیے کہ ان کے دیگر اہل خانہ کہاں ہیں اور بعض افراد نے تو سوال کیا کہ کیا ان کی بھی طلاق ہوگئی؟ اداکارہ کی تنہا تصاویر پر مداحوں نے کمنٹس کرنا شروع کردیے اور اندازوں سے دعوے کیے کہ صنم جنگ کی بھی طلاق ہوچکی ہے-