نئے سال میں بھی کورونا کے وار جاری، 82 افراد جاں بحق

2 Jan, 2021 | 04:14 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) کورونا نے نئے سال میں بھی پیچھا نہ چھوڑا، مہلک وائرس مزید 82 زندگیاں نگل گیا، ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 258 تک جا پہنچی۔

پاکستان میں کورونا کے وار تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے، ہلاکتوں اور کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہونے لگا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 82 افراد جاں بحق اور 2 ہزار 184 نئے کورونا مریض سامنے آگئے، جس کے بعد کورونا مثبت کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 84 ہزار 362 تک جاپہنچی، اب تک 4 لاکھ 38 ہزار 974 افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 35 ہزار 130 ہوچکی ہے، سب سے زیادہ سندھ میں ایکٹو کیسز کی تعداد 16 ہزار 916 ہوگئی، پنجاب میں 11 ہزار 131، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 420 اور اسلام اباد میں 2 ہزار 982 ایکٹو کیسز ہیں۔لاہور میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 68301 اور اموات 1601 ہوگئیں۔ 

کورونا کے 2ہزار 745 مریض ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، جبکہ مختلف شہروں میں 301 کورونا مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، سب سے زیادہ اسلام آباد میں 42 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے حکومت پنجاب اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے، پنجاب کے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹر اور دیگر طبی آلات دستیاب ہیں۔2021 کورونا کے خاتمے اور خوشخبریوں کا سال ثابت ہوگا۔

علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے کورونا مرض سے بچاؤ کے سامان پر تمام درآمدی ٹیکس ختم کردئیے،اب کورونا سے متعلق سامان بغیر ٹیکس کے درآمد کیا جاسکے گا، محکمہ خزانہ نے ٹیکس معافی کی منظوری بھی دے دی۔

مزیدخبریں