لوئر مال (قذافی بٹ) الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کر انے پر پنجاب اسمبلی کے 144 اراکین کو وارننگ جاری کردی، لاہور کے 13 صوبائی اسمبلی جبکہ قومی اسمبلی کے 8 اراکین میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، حمزہ شہباز ، وفاقی وزراء شفقت محمود اورحماد اظہر بھی شامل ہیں، اراکین اسمبلی کو 15جنوری 2021تک گوشوارے جمع کر انے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ،متعلقہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے پر اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز، پی ٹی آئی کے دو وفاقی وزراء حماد اظہر اور وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائے، پنجاب اسمبلی میں لاہور سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے سمیع اللہ خان،میاں مرغوب احمد، خواجہ عمران نذیر، ملک وحید، پی ٹی آئی کے ندیم عباس بارا، مسلم لیگ (ن) کے سیف الملوک کھوکھر، نصیراحمد، محمد یاسین ،ملک وحید، رمضان صدیق بھٹی، اختر حسین، سرفراز حسین، محمد ریاض، وحید عالم خان، روحیل اصغر، رانا مبشر اقبال اور محمد افضل نے بھی الیکشن کمیشن کو تفصیلات نہیں دیں اسی طرح سینیٹ کے چار اراکین میں رانا محمودالحسن، مصدق ملک، عائشہ رضا اور کامران مائیکل شامل ہیں ۔
الیکشن کمیشن میں گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں 16 پنجاب اسمبلی کی خواتین بھی شامل ہیں، الیکشن کمیشن نے ان کے نام جاری کردیئے جس کے مطابق مخصوص نشستوں پر گیارہ مسلم لیگ نون، چار پی ٹی آئی اراکین اسمبلی جبکہ ایک مسلم لیگ (ق) کیرکن اسمبلی بھی شامل ہے، مسلم لیگ (ن) کی اسوہ آفتاب، صبا صادق، حسینہ بیگم، مینزہ یامین ،سعدیہ تیمور ، رابعہ احمد بٹ، رابعہ نسیم فاروقی، سمیرا کومل، راحیلہ نعیم، سنبل ملک حسین اور عنیزہ فاطمہ جبکہ تحریک انصاف کی ام البنین، فرحت فاروق، صادقہ خان اور شاہینہ کریم نے بھی الیکشن کمیشن میں گوشوارے جمع نہیں کر ائے بسمہ چودھری کا تعلق مسلم لیگ (ق) سے ہے۔