( زین مدنی ) گورنر پنجاب نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے چار رکنی کمیٹیاں بنا ڈالیں، 31 جنوری تک تمام ٹیکسز اور جرمانے ہولڈ کردیئے، گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال موخر کردی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کچھی سے کامیاب مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز نے پنجاب بھر میں ہڑتال ختم کردی۔ پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ڈرائیورز اور دیگر عملے سمیت تمام ٹرانسپورٹرز کو فوری رہا کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت نے پبلک اینڈ گڈزٹرانسپورٹ کے چالان جرمانوں میں اضافے کو 31 جنوری تک ہولڈ کر دیا ہے۔ وزیر اعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کے ساتھ مکمل مشاورت اور انکے اعتماد کے بعد تمام فیصلے ہوئے ہیں۔
گورنر پنجاب اور صوبائی وزیر ٹر انسپورٹ کے پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے عہدیداران کیساتھ 4 روز تک مذاکرات جاری رہے ہیں، ان مذاکرات میں پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب ڈاکٹر راشد منصور، کمشنر لاہور، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور موٹروے پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شر یک ہوئے۔
مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران گورنر پنجاب کہا کہ جب بھی ٹرانسپوٹرز کو وفاقی یا پنجاب حکومت کیساتھ مذاکرات کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیش آئیگی تو میں ان کے ساتھ کھڑا ہوگا جبکہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کچھی نے کہا کہ ٹر انسپورٹرز کے پنجاب اور وفاقی حکومت کے حوالے سے 3/3مطالبات ہیں، ہم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ مطالبات کو حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر بات شروع کی جائیگی۔
پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے چیئرمین عصمت اللہ خان نیازی نے کہا کہ گورنر پنجاب جس طر ح ٹرانسپوٹرز کا مقدمہ لڑرہے ہیں اس سے ہماری نہ صرف حوصلہ افزائی ہوئی ہے بلکہ ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ چوہدری محمد سرور کی سر براہی میں حکومتی ٹیم نے ہم سے جو بھی وعدے کیے ہیں ان پر عمل کیا جائے گا۔