(یاور ذوالفقار ) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پی آئی سی حملہ کیس میں نامزد وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی 6 جنوری تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے پی آئی سی حملہ کیس میں نامزد وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے عدم پیروی پر ضمانت منسوخ کردی، ضمانت منسوخ ہونے کے کچھ دیر بعد حسان نیازی پیش ہوگئے، تاخیر سے پیش ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ وکیل ہو کر تاخیر سے پیش ہو رہے ہیں، قانون سب کیلئے برابر ہے۔
عبوری ضمانت مسترد ہونے پرحسان نیازی کے وکیل حیدرمجید نے دوبارہ عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر دی، حسان نیازی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاکہ عدالت کے دروازے پر سکیورٹی چیکنگ کے باعث تاخیر ہوئی۔
حسان نیازی کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ پی آئی سی حملہ کیس سے کوئی تعلق نہیں، کسی بھی شخص کو اشتعال دلایا اور نہ ہی حملہ کیا، عدالت عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔
دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے پولیس کو حسان نیازی کی گرفتاری سے روکتے ہوئے 6 جنوری تک ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کردی۔