شہر میں منافع خور مافیا کا راج

2 Jan, 2020 | 11:05 AM

Shazia Bashir

حسن علی: شہر میں نہ تو سبزیوں کی قیمتوں میں کمی آسکی اور نہ ہی سرکاری نرخنامے کے مطابق سبزیوں کی فروخت ممکن ہو سکی۔ ٹماٹر شہر میں ایک سو پچاس روپے فی کلو تک ہی فروخت ہوتے رہے اور   برائلر کی رسد میں بہتری کے باعث قیمت میں سات روپے فی کلو کی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم فارمی انڈے ایک روپے فی درجن مہنگے ہو گئے۔

شہر میں منافع خور مافیا کا راج برقرار رہا، سرکاری نرخنامے کے مطابق ٹماٹرکی قیمت ایک سو دس روپے فی کلو مقررکی گئی جبکہ سبزی منڈیوں میں ٹماٹر ایک سو تیس میں فروخت ہوتے رہے، مارکیٹ میں ٹماٹرایک سو پچاس روپے فی کلو میں فروخت ہوتے رہے۔ پیاز اسی سے سو، آلو ساٹھ، لہسن تین سو، ادرک تین سو پچاس، گاجر پچاس، کھیرا ساٹھ سے اسی، شلجم تیس سے چالیس، مٹر ایک سو اسی، گوبھی ساٹھ سے اسی روپے فی کلو میں فروخت ہوتی رہی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اورمارکیٹ کمیٹی شہر میں اپنے جاری کردہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کروائے جبکہ سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ جب تک سبزی منڈیوں میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد نہیں ہوگا اس وقت تک شہر میں سرکاری نرخنامے کے مطابق سبزیاں فروخت نہیں ہو سکیں گی۔

شہر میں برائلر کی رسد میں بہتری کے باعث قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، زندہ مرغی چار روپے کمی کے بعد ایک سو پینتالیس روپے جبکہ مرغی کا گوشت سات روپے کمی کے بعد دو سو دس روپے فی کلو ہو گیا۔ فارمی انڈوں کی قیمت میں مزید ایک روپے فی درجن کا اضافہ دیکھا گیا اور انڈے ایک سو بتیس روپے فی درجن تک جا پہنچے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت مرغی کے گوشت کی قیمت میں مزید کمی کرنے کیساتھ ساتھ فارمی انڈوں کی قیمت میں کمی کرے۔

مزیدخبریں