(قذافی بٹ) تحریک انصاف کی رہنما سیمابیہ طاہر نے بھارتی فوج کا جاسوس ڈرون گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی عظیم فوج پاکستان کی حفاظت کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتی رہے گی۔ قربانیوں و کامیابیوں کی یہ لازوال داستان رقم ہوتی رہے گی۔ بھارت اس بھول میں نہ رہے کہ وہ کسی قسم کی جاسوسی اور جارحیت کو عملی جامہ پہنا سکے گا۔ پاکستان کی سلامتی اور عہد حاضر کے عسکری تقاضوں کے مطابق پاک فوج کی بروقت کارروائی سے دشمن کے دانت کھٹے کیے گئے ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فوج کا جاسوس ڈرون تباہ کرنا حقیقی کامیابی ہے۔
قرارداد میں پاکستان کو ناقابل تسخیر اور دفاعی نظام کو مضبوط سے مضبوط بنانے پر پاک فوج کو خراج تحسین اور پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
گزشتہ روز پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا تھا کہ پاکستان آرمی نے باغ سیکٹر میں کنٹرول لائن پار کرتے ہوئے بھارتی فوج کا جاسوس کوارڈ کاپٹر کامیابی سے مار گرایا۔ بھارتی جاسوس ڈرون کو مار گرانا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پاکستان کی باصلاحیت فوج بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر وقت تیار ہے۔ انشاء اﷲکسی بھارتی ڈرون کو لائن آف کنٹرول پار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔