علی اکبر: پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی ون کےاجلاس میں دانش سکولوں کی تعمیرمیں کروڑوں روپےمالی بے ضابطگیوں کاانکشاف، چیئرمین کمیٹی نےمہنگے ٹیرف پر انٹرنیشنل ڈیزائرز گروپ کو بلیک لسٹ کی ہدایت کر دی۔انکوائری رپورٹ پیش کرنےکاحکم دیا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دانش سکولوں سے متعلق آڈٹ پیرےزیر بحث آئے۔ جس میں انکشاف ہوا کہ دانش سکولوں کی تعمیرمیں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں ہوئیں۔ تعمیر کے حوالے سے آئی ڈی جی کنسلٹ گروپ نے مہنگے ٹیرف لگائے۔
چیئرمین کمیٹی میاں محمودالرشیدنےبرہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جب بنیاد ہی کرپشن پر ہوگی تو تعلیم جیسے مقدس شعبے میں برکت کیسے ہوگی۔ مہنگے ریٹ کے باوجود آئی ڈی جی کوکیوں نوازا گیا۔ وسائل کو عوام پر خرچ کرنیکی بجائے مخصوص طبقہ کو نوازنے کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خزانہ، ٹی این ڈی، سی این ڈبلیو کو کہا کہ آئندہ آئی ڈی جی گروپ کو کوئی ٹھیکہ نہ دیا جائے۔
اجلاس میں کمیٹی اراکین صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا، سبطین خان،قاضی عدنان فرید، ڈاکٹر نادیہ عزیز سمیت آصف باجوہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکموں کی جانب سے سیکرٹری سکولز اینڈ ایجوکیشن، ڈائریکٹر اور جی ایم دانش سکولز نے شرکت کی۔