جنیدریاض:محکمہ سکول ایجوکیشن سےریٹائرہونے والے سکول سربراہان اور اساتذہ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ریٹائرڈ ملازمین کو تحائف اور سکالربیج تقسیم کیے گئے، ڈی سی لاہورسمیر احمد سید کاکہنا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین جب کبھی سکول آئیں گے انکا عزت سے استقبال کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول خزانہ گیٹ میں محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی تقریب میں ڈی سی لاہور سمیر احمد سید اور سیکرٹری سکولز اللہ بخش ملک نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی زاہد بشیر گورائیہ، ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن سید ممتاز شاہ اور ڈی ای او ملک احسان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سید کا کہنا تھا کہ اساتذہ ہمارے لیے قابل احترام ہیں ،انکی عزت واحترام سب کیلئے ضروری ہے۔
سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک کا کہنا تھا کہ ہمارا اخلاق اور رویہ ایک استاد ہی بہتر کرسکتا ہے۔ سی ای او لاہور زاہد بشیر گورائیہ اور قاضی گرائمر سکول کے چیف ایگزیکٹو قاضی نعیم انجم کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے احترام سے ہی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔ اساتذہ کے اعزاز میں تقریب سے جہاں ریٹائرڈ ملازمین کی عزت افزائی ہوئی ،وہیں انہیں محکمے سے رخصت ہوتے ہوئے دلی خوشی بھی ہوئی۔