قومی ایئرلائن کا برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

2 Feb, 2025 | 02:51 PM

سٹی42: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مارچ 2025 کے وسط سے لندن اور مانچسٹر کے لیے پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔

پی آئی اے کی انتظامیہ کی جانب سے اس آپریشن کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کی ٹیم پی آئی اے کے فضائی حفاظتی شعبوں کا آڈٹ کر رہی ہےجس کا مقصد برطانیہ کے فضائی آپریشنز سے متعلق حفاظتی معیاروں کی جانچ کرنا ہے۔ یہ آڈٹ پی آئی اے پر سے برطانیہ کی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کا سبب بنے گا۔

پی آئی اے کی جانب سے ہیتھرو ایئرپورٹ پر سلاٹ کی فعالی کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے اور ٹرمینل 4 سے آپریشن کے آغاز کی تیاری کی جارہی ہے۔

پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے اس آپریشن میں استعمال کیے جائیں گے اور برطانیہ کے علاوہ یورپ کے مختلف سیکٹرز جیسے کہ میلان اور سپین کے لیے بھی پروازوں کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔



مزیدخبریں