ویب ڈیسک: حکومت نے عوام کو بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں سے ریلیف دینے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) نے مالی سال 2024-25 کی دوسری سہ ماہی کے لیے 52.123 ارب روپے (تقریباً 2 روپے فی یونٹ)کی منفی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کی ہے، جس کے بعد مارچ 2025 سے بجلی کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔
ذرائع کےمطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 12 فروری 2025 کو ان درخواستوں پر عوامی سماعت کرے گا۔ ان درخواستوں میں سے 50.658 ارب روپے کی منفی ایڈجسٹمنٹ کا تعلق روپے کی قدر میں بہتری (278 روپے فی ڈالر کے مقابلے میں 300 روپے فی ڈالر کا تخمینہ) اور شرح سود میں کمی سے ہے، یہ کمی مارچ، اپریل اور مئی کے مہینوں میں بجلی کے نرخوں پر اثرانداز ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اپریل 2025 سے صنعتی صارفین کے لیے مزید 7 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان بھی متوقع ہے، جس کے بعد مجموعی طور پر 9 سے 10 روپے فی یونٹ تک بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔