ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

2 Feb, 2025 | 09:48 AM

سٹی42: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔ 

 شہر لاہور میں دھند کے بادل چھا گئے جس کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہو گئی ہے۔ سرد ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 168 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے شہر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔یو ایم ٹی میں فضائی آلودگی کی شرح 360 ریکارڈ کی گئی،رائیونڈ میں بھی آلودگی کی شرح 360 ریکارڈ کی گئی،جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 256، پولو گراؤنڈ میں آلودگی کی شرح 195 ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہننے اور فضائی آلودگی سے بچنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔

 شہر  قائد میں آج موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 13.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ  کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاجانے کا امکان ہے۔ہواؤں کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔شہر کا فضائی معیار مضر قرار دیا گیا ہے، اور آلودگی کی سطح انتہائی بلند ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی انتیس نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 102 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ماہرین نے شہریوں کو فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے ماسک پہننے کی تجویز دی ہے، تاکہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔

 دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں بارش ، برفباری اور دھند کے حوالے سے نئی پیشگوئی آ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ  بالائی خیبر پختو نخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری ہوئی۔  شمال مشرقی پنجاب میں ہلکی سی دھند کی توقع ہے۔

مزیدخبریں