پنجاب وائلڈ لائف کی بڑی کارروائی،حنوط شدہ جانوروں کی بڑی تعداد برآمد

2 Feb, 2025 | 09:38 AM

سٹی42: محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے دو بڑی کارروائیاں کیں، جن میں اکبری دواخانہ لاہور پر چھاپہ اور کرول گھاٹی میں غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف کارروائی شامل ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے لاہور کے اندرون شہر میں واقع اکبری دواخانہ پر چھاپہ مارا، جہاں حنوط شدہ جانوروں کی بڑی تعداد برآمد ہوئی۔ ان جانوروں میں مگرمچھ، ایگل، شیر، جیکال، سانپ، کچھوے، کینگروز، جنگلی بلیاں، اور انڈین چھپکلیاں شامل تھیں۔ بتایا گیا کہ دواخانہ حنوط شدہ جانوروں کا تیل نکال کر فروخت کرتا تھا۔ ان جانوروں کو فوری طور پر جلو پارک میں منتقل کر دیا گیا۔ دواخانہ مالک کے خلاف قانونی کارروائی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

دوسری جانب محمکہ وائلڈ لائف نے کرول گھاٹی میں کتوں کی مدد سے غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی۔ مخبری ملنے پر لاہور اور شیخوپورہ کی وائلڈ لائف ٹیموں نے چھاپہ مارا اور شکار کرنے والوں کو گرفتار کیا۔ ان پر 70 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا اور ایف آئی آر درج کرنے کے لیے تھانہ میں اشتغاثہ بھی دے دیا گیا۔

ترجمان محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں جنگلی جانوروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور غیر قانونی شکار کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔

مزیدخبریں