علی رامے : نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہوریوں کو ایک اور تحفہ دیدیا، برکت مارکیٹ وائی جنکشن سگنل فری پراجیکٹ کا کام اتوار سے شروع ہوگا۔
شہر کے پہلے ٹو سٹیج انڈر پاس کا نام گاماں پہلوان انڈر پاس رکھا جائے گا۔نگراں وزیراعلیٰ نے انڈر پاس کا نام گاما پہلوان رکھنے کی منظوری دیدی۔ سی بی ڈی اور نیسپاک نے ڈیزائن پر مشاورت مکمل کرلی، منصوبے کے ڈیزائن میں ایک مرتبہ پھر بڑی تبدیلی ہوگی، برکت مارکیٹ وائے جنکشن پر ایک نہیں 2انڈر پاسز تعمیر ہوں گے، پہلا انڈر پاس کلمہ چوک سے ٹریفک کو لاہور کینال پر لے جائے گا، جبکہ دوسرا انڈر پاس جناح ہسپتال سے آنے والی ٹریفک کو کلمہ چوک لے جائے گا۔
لاہور کینال پر ٹھوکر سے آنیوالی ٹریفک کو برکت مارکیٹ لے جانے کا پلان موخر کردیا گیا، فی الوقت لاہور کینال کیمپس پل پر ایٹ گریڈ تبدیلی لائی جائے گی۔ ٹھوکر سے آنیوالی ٹریفک کو پنجاب یونیورسٹی گیٹس کے سامنے نیا یوٹرن دیا جائیگا، برکت مارکیٹ سے آنے والی ٹریفک کو کینال پر نیا یوٹرن دیا جائے گا۔ منصوبے کے لئے موقع پر سوائل ٹسٹنگ کا کام شروع کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کی جانب سے اتوارکومنصوبے کا سنگ بنیاد رکھے جانے کا امکان ہے۔