شاہین شاہ  کا شاہد آفریدی کی بیٹی سے نکاح آج ہو گا  

2 Feb, 2023 | 11:29 PM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک )قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نکاح کیلئے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے۔شاہین آفریدی کا نکاح آج بروز جمعہ 3 فروری کو سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی انشا آفریدی سے ہوگا۔اس حوالے سے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی اور انشاکا ابھی نکاح ہو رہا ہے جب کہ رخصتی بعد میں ہوگی۔

 اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ شاہین اور انشا کے نکاح کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ کراچی میں ہونے والے نکاح کی تقریب آفریدی قبائل کی روایات کے تحت سادگی سے ہوگی جبکہ باقاعدہ تقریب اور رخصتی بعد میں ہوگی۔ جس کے لیے شاہین اہلخانہ کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے ہیں۔

 دوسری جانب سوشل میڈیا پر شاہین کی شادی کا کارڈ بھی وائرل ہورہا ہے تاہم اس حوالے سے خاندانی ذرائع کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں میزبان نے دوران انٹرویو شاہین کی شاہد آفریدی کی بیٹی سے منگنی اور رشتہ طے ہونے سے متعلق سوال کیا جس کے جواب میں شاہین نے اللہ کا شکر اداکیا اور شرماتے ہوئے بتایا کہ ’میرے خیال سے میری ہی خواہش تھی‘۔

 دوسری جانب شاہین کے بھائی ریاض آفریدی نے ٹوئٹر پر شاہین اور شاہد آفریدی کے ہمراہ کراچی سے تصویر شیئر کی جس میں ہونے والے سُسر اور داماد کو سیاہ رنگ کے کرتوں میں دیکھا گیا جب کہ ریاض آفریدی خود سوٹ پر آف وائٹ واسکٹ پہنے نظر آئے۔

 شاہین کے بھائی نے لکھا 'مجھے ہمیشہ لالا کے ساتھ اچھا لگتا ہے اور ہم یہاں ایک خاص تقریب کے لیے آئے ہیں، میرا چھوٹا بھائی بھی میرے ساتھ ہے جو کہ میرا فخر ہے'۔ ساتھ ہی انہوں نے شاہین کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

 ریاض آفریدی کی جانب سے شیئر کردہ تصویر شاہد آفریدی کے گھر کی ہے اور عقب میں گھر کو سجا بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں