ویب ڈیسک : دنیا کے ہر خطے میں ٹویوٹا گاڑی موجود ہے لیکن اب ٹویوٹا کے پرستاروں کیلئے خوشخبری ہے کہ جب وہ چاند پر جائیں گے تو ٹویوٹا وہاں بھی موجود ہوگی۔ کارسازکمپنی ٹویوٹا جاپان کے خلائی ادارے کے ساتھ مل کر ایک خصوصی چاند گاڑی تیار کرے گی جسے چاند پر رہائش کے دوران استعمال کیا جا سکے گا۔
رپورٹ کے مطابق ٹویوٹا کے عہدے داروں نے بتایا ہے کہ اس خصوصی گاڑی کو ا س طرح ڈیزائن کیا جا رہا ہے کہ چاند کے بعد جب انسان کا مریخ پربھی آنا جانا شروع ہو گا تو یہ گاڑی وہاں بھی ان کے استعمال میں آ سکے گی۔گاڑی کی تیاری میں چاند کی سطح کے حالات، کشش ثقل اور دیگر تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔
ٹویوٹا کی چاند گاڑی چاند کی غیرہموار سطح پر سفر کرنے کے ساتھ ساتھ، اسے رہنے، کام کاج کرنے، کھانا پکانے اور سونے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔ یہ ایک لحاظ سے موبائل ہوم طرز کی گاڑی ہوگی ، جسے سیاحت ، سائنسی تحقیق اور دیگر کاروباری مقاصد کے لیے چاند کا دورہ کرنے والے افراد وہاں اپنے قیام کے دوران استعمال کر سکیں گے۔
گاڑی کو چلانے اور اس کے مسافروں کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سولر پینلز نصب کیے جائیں گے جس سے اسے بیرونی ذرائع سے ایندھن حاصل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور وہ اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں خود کفیل ہو گی۔
گاڑی کے ساتھ ایک روبوٹک ہاتھ نصب ہوگا جو گاڑی سے باہر تمام ضروری فرائض انجام دے گا، مثلاً چیزوں کو اٹھانا، راستہ صاف کرنا، چاند کی سطح پر موجود چیزوں کا معائنہ کرنا، ان کے نمونے اکھٹے کرنا اور سب سے بڑھ کر یہ کہ گاڑی کی دیکھ بھال کرنا۔ اس ربوٹک ہاتھ پر اہم آلات نصب ہوں گے۔
یادرہے 2040 کے لگ بھگ نہ صرف چاند پر انسانی آمد و رفت بہت زیادہ بڑھ جائے گی بلکہ وہاں قیام کے لیے انسانی بستیاں بھی آباد ہونا شروع ہو جائیں گی۔
ٹویوٹا کی چاند پر چلنے والی گاڑی
2 Feb, 2022 | 03:13 PM