لاہور میں ایک اور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کا اعلان

2 Feb, 2021 | 03:00 PM

M .SAJID .KHAN

(درنایاب)صوبائی وزیر ہاوسنگ میاں محمود الرشید کا ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کی سائیٹ کا دورہ، میاں محمودالرشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان رواں ماہ نیا پاکستان اپارٹمنٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے ترجیحی منصوبے ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی فزیکل صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیر ہاوسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کا ہلوکی سائٹ کا دورہ کیا ۔ وائس چئیرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران ، ممبر گورننگ باڈی عامر قریشی ، ایڈیشنل ڈی جی رانا ٹکا خان ، چیف انجنئیر عبدالرزاق چوہان بھی ہمراہ تھے ۔ چیف انجنئیر ایل ڈی اے نے وزیر ہاوسنگ کو بریفنگ دی ۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ وزیراعظم پاکستان ممکنہ طور اسی مقام پر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں چار ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے جبکہ مجموعی طور پر کم آمدن والوں کے لئے پینتیس ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے ۔

سٹی فور ٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کم آمدن والوں کو رہائشی سہولت دینا اس وقت ترجیحی ہے جس کے لئے ایل ڈی اے کی ٹیم رات دن کوشاں ہے جلد منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر دو سال میں اپارٹمنٹس کی تعمیر یقینی بنائیں گے ۔

واضح رہے وزیراعظم نے غیر قانونی رہائشی سکیموں پر ہونے والے اجلاس میں ایل ڈی اے حکام کے پیش کردہ چشم کشا ڈیٹا پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو پیش کئے گئے ڈیٹا میں بتایا گیا کہ چھ سال میں چھ سو استغاثے پیش کئے اور صرف 34 ایف آئی آر ہوئیں۔ایل ڈی اے ذرائع کے مطابق میٹرو پولٹین پلاننگ ونگ کی ملی بھگت سے ایل ڈی اے غیر قانونی سوسائٹیز کو لگام ڈالنے میں ناکام ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ایل ڈی اے اور پولیس کو غیر قانونی سوسائٹیز پر بلا تفریق ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد ایل ڈی اے اور پولیس حکام نے سر جوڑ لئے اور اس ضمن میں ایل ڈی اے نے پولیس کے ساتھ رابطہ کے لئے ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ باسط عزیز کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے۔

مزیدخبریں