سکولوں میں بچوں کو پیار سے" چومنے" پر پابندی عائد

2 Feb, 2021 | 12:39 PM

Malik Sultan Awan

اکمل سومرو: پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں اینٹی ہراسمنٹ پالیسی نافذ، بچوں کو پیار سے چومنے پر پاپندی عائد کر دی گئی۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے لاہور سمیت صوبے بھر کے پارٹنر سکولوں میں اینٹی ہراسمنٹ پالیسی نافذ کر دی ہے اس ضمن میں سکولوں کے سربراہان کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پالیسی کے تحت سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے بوس و کنار پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔سکولوں میں جنسی لگاو کے برتاؤ کا اظہار کرنا بھی ہراسگی تصور ہوگا۔

سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو جنسی استحصال سے متعلق تربیت دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پیف حکام نے پارٹنر سکولوں کو ترجیحی بنیادوں پر مڈل کلاس میں لڑکے اور لڑکیوں کیلئے الگ کلاس روم بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پالیسی کے تحت سکولوں انتظامیہ کے عملے پر اکیلے میں بچوں کے ساتھ ملاقات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

سکول سربراہان کو پاپند بنایا گیا ہے کہ وہ کلاس روم کی حدود میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں اور مانیٹرنگ کے نظام کو سخت کر کے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی پارٹنر سکولوں کو اینٹی ہراسمنٹ پالیسی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں