(سٹی 42) سروسز ہسپتال سے نرس کے اغوا کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مغوی نرس شاکرہ کا لیو فارم منظرعام پر آگیا، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نرس 11 جنوری سے چھٹیوں پر ہے،اُس نے ایک ماہ کی چھٹی لے رکھی ہے، مگرایف آئی آر کےمطابق شاکرہ کو 30 جنوری کو ہسپتال سےاغوا کیا گیا۔
گزشتہ روز تھانہ شادمان میں سروسز ہسپتال کی نرس شاکرہ کے اغوا کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج ہوا ،جس میں ورثا کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ ملزم وہاب پولیس اہلکار وقاص کا بھائی ہے جو پی سی فاروق آباد میں تعینات ہے اور لڑکیوں کو بلیک میل کرتا ہے، مغویہ شاکرہ کو رشتے سے انکار پر پولیس اہلکار کے بھائی نے اغوا کیا۔
پولیس کے تفتیشی افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ اغوا کے مقدمے میں نامزد شخص کے ساتھ مغویہ کا دوسال قبل نکاح بھی ہوا ہے، نرس کو ٹریس کرلیا ،جلد بازیاب کرالیا جائے گا۔