خاوند سے نیا گھر مانگنا بیوی کو مہنگا پڑگیا

2 Feb, 2019 | 10:10 PM

Arslan Sheikh

(فخر امام ) ظالم شخص نے صنف نازک کی جان لے لی، جھگڑا ہونے پر شوہر نے ڈنڈا بیوی کے سر پر دے مارا، زخموں کی تاب نہ لاتے خاتون دنیا سے چل بسی، ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔    

تفصیلات کے مطابق نیو شادباغ کے رہائشی کاشف کا اپنی بیوی ثمینہ کے ساتھ جھگڑا ہوا، جس کے بعد شوہر نے لڑائی کے دوران قریب پڑے ہوئے ڈنڈے سے اس کے سر پر وار کیا جس سے مقتولہ شدید زخمی ہوگئی اور اسے فوری طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ ایک روز بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔

پولیس نے اطلاع ملنے پر نعش اپنی تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کردی، مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا، تاہم ملزم موقع سے فرار ہے۔

ایس ایچ او تھانہ شادباغ کا کہنا تھا کہ خاتون کا کافی عرصے سے سسرال سے جھگڑا چل رہا تھا، جبکہ اسی سلسلہ میں تلخ کلامی کے دوران اس کے خاوند نے اس پر تشدد کیا جس کے باعث وہ جاں بحق ہوگئی، پولیس کا کہنا ہے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

مزیدخبریں