( قذافی بٹ ) لاہور میں ورلڈ پنجابی کانگریس کے زیراہتمام عالمی پنجابی کانفرنس کا انعقاد، شرکا نے پنجابی زبان کے فروغ کیلئے پاکستان اور بھارت حکومت سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ہیرٹیج ہوٹل میں ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس کی صدارت سابق وفاقی وزیر اور چیئرمین ورلڈ پنجابی کانگریس فخر زمان نے کی۔ اپنے خطاب میں فخر زمان کا کہنا تھا کہ ایک مافیا ہے جو پنجابی زبان کا بیڑا غرق کر رہا ہے، پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کی بیوروکریسی امن نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہ دونوں ممالک کے درمیان رشتوں اور امن کے درمیان رکاوٹ ہی بیوروکریسی ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کو مل کر ان رکاوٹوں کو دُور کرنا ہوگا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سکھندر سنگھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے امن کی بات کی ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے ماحول میں کرتار پور کوریڈور ایک آغاز ہے، امن کے پیغام کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ اپنی مادری زبان کو بولنے میں پاکستانی اور بھارتی لوگوں کو شرم محسوس نہیں کرنی چاہیئے۔ کانفرنس میں بھارت، کینیڈا، امریکہ سمیت دیگر ممالک سے بھی مندوبین نے شرکت کی۔