راؤ دلشاد(24نیوز) سرکلرروڈ کےدونوں اطراف میں تجاوزات ہی تجاوزات، میٹروپولیٹن کارپوریشن،ضلعی انتظامیہ اورٹریفک پولیس کے مشترکہ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کی قلعی کھل گئی۔
جگہ جگہ کاونٹرز،ٹھیلےاورریڑھی بانوں کےقابض ہونےکےیہ مناظرسرکلر روڈ کے ہیں جہاں گاڑی کا گزرنا تودرکنار پیدل چلنابھی محال ہے ، تجاوزات کےباعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہونےلگی ہے جبکہ شہریوں کومشکلات کاسامنا بھی معمول بن گیا ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن اورضلعی انتظامیہ کےلیے تجاوزات کا خاتمہ درد سر بن گیا، پانچ ماہ سے جاری اینٹی انکروچمنٹ آپریشن پرسوالیہ نشان لگ گیا۔ ایک بھی سڑک ایسی نہیں ہےجہاں سےتجاوزات کا مکمل خاتمہ ہوا ہو،میٹروپولیٹن کارپوریشن ،ضلعی انتظامیہ اورٹریفک پولیس کے مشترکہ آپریشن کا بھی کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ اخبار مارکیٹ سےبھاٹی چوک تک تجاوزات کی بھرمار ہے جبکہ بیرون لوہاری گیٹ اور اردو بازارکےداخلی اور خارجی راستے بھی تجاوزات مافیا کی زد میں ہیں۔
ایک طرف تجاوزات کی بھر مار تودوسری جانب جبکہ زونل ریگولیشن عملہ بھی کاغذی کارروائیوں پراکتفا کرنے لگا۔