’’طب کی صنعت ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی‘‘

2 Feb, 2019 | 05:08 PM

Arslan Sheikh

( حسن علی ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سندر انڈسڑیل اسٹیٹ میں انڈس فارماا ینڈ ڈائنس پاکستان کے پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صنعتوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کو شاں ہے۔

سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں انڈس فارما اینڈ ڈائنس پاکستان کے پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں گورنر پنجاب اور گورنر سندھ سمیت وفاقی وزیر ہیلتھ کیئرعامر محمود کیانی، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت نوشین حامد، ڈی جی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ڈاکٹر شیخ اخترحسین نے شرکت کی۔ چیئرمین انڈس فارما اینڈ ڈائنس پاکستان سعید اسماعیل، ایم ڈی زاہد سعید، ایوب صدیقی، قیصر حسن، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے صدر شہزاد اعظم، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل چیئرمین عبدالروف مختار، امجد علی جاوا اور میاں مصباح الرحمن سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔

زاہد سعید کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی کے ساتھ ساتھ لاہور میں بھی سٹیٹ آف دی آرٹ پلانٹ لگایا ہے، انہوں نے کہا کہ فارما سیوٹیکل کی صنعت کو ایکسپورٹ سیکٹر میں شامل کیا جائے تو آئندہ تین سال میں یہ صنعت ٹیکسٹائل کے بعد سب سے زیادہ ایکسپورٹ کرنے والی صنعت بن جائے گی۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی بڑھوتی ہوئی ہے، فارما کی صنعت ملک کو بہت آگے لے کر جائے گی۔ پی ٹی آئی کی حکومت صنعتکاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات فراہم کر رہی ہے۔

چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کی قلت کے مسئلے کو جلد حل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ فارما سیوٹیکل نے ہمیشہ پاکستان میں معیاری ادویات کم قیمت میں فراہم کی ہیں جو قابل ستائش ہے۔

تقریب کے اختتام پر چودھری محمد سرور، عمران اسماعیل سمیت دیگر مہمانوں نے ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لیے پودا بھی لگایا۔

مزیدخبریں