(احمد منصور)ریاست پاکستان کے خلاف مذموم پروپیگنڈا میں ملوث افراد کی شناخت کیلئے جوائنٹ ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، وزیراعظم کے احکامات کے تحت جوائنٹ ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،چیئرمین پی ٹی اے کی سربراہی میں 10رکنی جوائنٹ ٹاسک فورس بنا دی گئی، جوائنٹ ٹاسک فورس میں دیگر اداروں کے افسران بھی شامل ہیں،آئی ایس آئی ،ایم آئی کے نمائندے، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی،جوائنٹ سیکرٹری داخلہ، جوائنٹ سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات ،ڈائریکٹر سائبر ونگ ایف آئی اے ،ڈائریکٹر آئی ٹی وزارت آئی ٹی شامل ہیں،جوائنٹ ٹاسک فورس کیلئے ٹی او آرز بھی طے کرلیےگئے ۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر ریاست پاکستان اور سکیورٹی فورسز کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا جاری ہے ، کچھ شرپسند عناصر سکیورٹی فورسز کے حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈاکر رہے ہیں، پروپیگنڈے کا مقصد اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔
جوائنٹ ٹاسک فورس حالیہ احتجاج کے پیش نظر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرےگی، ٹاسک فورس دس دنوں میں اپنی سفارشات مرتب کرکےحکومت کوپیش کرے گی۔
ٹاسک فورس مذموم مہم چلانے والے ملک کے اندر اور باہر موجود عناصر کی نشاندہی کرے گی،بدنیتی پر مبنی مہم چلانے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جوائنٹ ٹاسک فورس پالیسی میں موجود خامیاں پر کرنے کیلیے اقدامات تجویز کرے گی،ٹاسک فورس جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلانے والے عناصر کی شناخت کرےگی۔