سٹی42: ریاست کے خلاف پروپیگنڈا میں ملوث افراد کی شناخت کیلئے جوائنٹ ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے۔
وزیراعظم کے احکامات کے تحت چیئرمین پی ٹی اے کی سربراہی میں 10رکنی جوائنٹ ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے جس میں دیگر اداروں کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ آئی ایس آئی ۔ ایم آئی کے نمائندے۔ جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی،جوائنٹ سیکرٹری داخلہ، جوائنٹ سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات ،ڈائریکٹر سائبر ونگ ایف آئی اے ،ڈائریکٹر آئی ٹی وزارت آئی ٹی اس فورس میں شامل ہیں،جوائنٹ ٹاسک فورس کیلئے ٹی او آرز بھی طے کرلیےگئے ۔
حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات کے ساتھ ریاست اور سکیورٹی فورسز کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا بھی کیا جا رہا ہے ، کچھ شرپسند عناصر سکیورٹی فورسز کے حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈاکر رہے ہیں، پروپیگنڈے کا مقصد مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔
جوائنٹ ٹاسک فورس حالیہ نام نہاد احتجاج کے بعد جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرےگی۔ ٹاسک فورس دس دنوں میں اپنی رپورٹ حکومت کوپیش کرے گی۔
جھوٹ کے پروپیگنڈا کی مہم چلانے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ جوائنٹ ٹاسک فورس پالیسی میں موجود خامیاں دور کرنے کیلیے اقدامات بھی تجویز کرے گی۔