وزیراعظم انوار الحق نے کرکٹ بورڈ میں متنازعہ تقرر منسوخ کروا دیا

2 Dec, 2023 | 11:41 PM

احمد رضا: نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ  نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں متنازعہ تقرری کا نوٹس لے کر ایک متنازعہ تعیناتی کو منسوخ کروا دیا۔

گزشتہ روز متنازعہ کھلاڑی سلمان بٹ کی پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں تعیناتی  پر نگراں وزیرِ اعظم نے سخت نوٹس لیا.  

وزیر اعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلی بھی ہیں۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر فوری طور پراس متنازعہ تعیناتی کو منسوخ کردیا گیا.

وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کرکٹ جیسے مقبول اور پاکستانیوں کے پسندیدہ کھیل کیلئے کھلاڑیوں کی سیلیکشن کمیٹی کو غیر متنازعہ ہونا چاہئیے. 

نگران وزیرِ اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں غیر متنازعہ اور اچھی شہرت رکھنے والے سلیکٹرز کو شامل کرنے کی ہدایت کر دی. انہوں نے کہا کہ غیر متنازعہ اور میرٹ پر تقرر شدہ سلیکٹرز ہی پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ میں نمائندگی کیلئے بہترین ٹیم کا انتخاب کر سکتے ہیں. پاکستان کرکٹ کو اسکے شاندار ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر سے کامیابی سے ہمکنارکرنے کے لیے تمام تقرریاں خالص میرٹ پر کریں گے۔

وہاب ریاض کا موقف

نگراں وزیراعظم انوار الھق کاکڑ کی جانب سے سخت ہدایات آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سلمان بٹ کو بطور کنسلٹنٹ سلیکشن کمیٹی ہٹا دیا لیکن  چیف سیلیکٹر وہاب ریاض نے اس برطرفی کو کسی دباؤ کا نتیجہ ماننے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے سلمان ریاض کو کنسلٹنٹ مقرر کرنے کے اپنے فیصلہ کا دفاع بھی کیا۔

 چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سلمان بٹ سے بات ہوگئی ہے وہ اب کنسلٹنٹس ٹیم کا حصہ  نہیں ہونگے۔

 انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے مخصوص ایجنڈے کے تحت سلمان بٹ اور مجھ پر کیچڑ اچھالا،اس معاملہ میں پی سی بی کا قصور نہیں،میں نے ہی سلمان بٹ کو شامل کیا تھا اور میں نے ہی ان سے بات کر کے  اپنی ٹیم سے الگ کیا۔

وہاب ریاض نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کا جو ذمہ ملکی کرکٹ کو بہتر کرنے کے  لئےلیا ہے، جو سزا پوری کر لے اسے معاشرہ میں اس کا جائز مقام ملنا چاہیے،سلمان بٹ ابھی پی سی بی سے وابستہ نہیں۔ خرم منظور،فواد عالم،رومان رئیس,عثمان شینواری سمیت دیگر کھلاڑیوں سے بات کی اور جنہوں نے آمادگی ظاہر کی انہیں کنسلٹنٹس مقرر کیا گیا ہے، کنسلٹنٹس کا کام صرف کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔

 آسٹریلیا کے دورے کے لئے ٹیم سلیکشن میں سلمان بٹ کا کوئی رول نہیں، سلمان بٹ کی تقرری زیر غور تھی۔اب ہم نے غور کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے ہم  کنسلٹنٹ ممبر کے طور پر ان کا تقرر نہیں کر رہےجو لوگ بلا وجہ ایک شخص کو ٹارگٹ کر رہے ہیں انہیں سوچنا چاہیے،سلمان بٹ کے معاملہ میں کوئی پریشر نہیں تھا لیکن مزید تنازعہ سے بچنے کیلئے ایسا کیا گیا ہے۔

  وہاب ریاض نے بتایا  ہے کہ اب سلیکشن کمیٹی میں توصیف احمد،وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر ہیں۔

مزیدخبریں