شہباز شریف نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس کر دیا

2 Dec, 2023 | 09:59 PM

اویس کیانی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر مملکت دانیال عزیز کی جانب سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کے متعلق میڈیا میں گفتگو کرنے کے بعد صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے دانیال عزیز کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا ۔شہبازشریف نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر دانیال عزیز سے 7 دن میں جواب طلب کرلیا۔

دانیال عزیز  نے بعض نیوز چینلز پر نشر ہونے والی گفتگو میں احسن اقبال کو  پی ڈی ایم کی حکومت کے دوران مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہے،  قبل ازیں احسن اقبال نے لوگل گورنمنٹ سسٹم کے حوالے سے دانیال عزیز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ دانیال عزیز  اور احسن اقبال کے درمیان دانیال عزیز کے متوقع انتخابی حلقہ میں احسن اقبال کے قریبی عزیز کو صوبائی اسمبلی کی ٹکٹ دیئے جانے کے مسئلہ پر سرد جنگ چل رہی ہے جس کا انجام دونوں رہنماؤں کی جانب سے یکے بعد دیگرے پبلک میں بیان بازی کی صورت میں سامنے آیا۔ دانیال عزیز کی جانب سے احسن اقبال پر تنقید کئے جانے کے بعد کل احسن اقبال نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں اس کا جواب بھی دیا تھا تاہم آج مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے دانیال عزیز کو شو کاز نوٹس جاری کر کے 7 دن میں اپنا موقف بتانے کی ہدایت کر دی۔

مزیدخبریں